کالعدم جماعت کا احتجاج، وزیراعظم سے علماء کرام کی ملاقات
اسلام آباد: کالعدم جماعت ٹی ایل پی کے احتجاج کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان اور معروف علماء کرام کے درمیان ملاقات ہوئی، دونوں طرف مذاکرات کے لیے 12 رکنی کمیٹی بنادی گئی ہے۔
وزیراعظم سے 31 سے زائد علماء نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ثروت اعجاز قادری، پیر خالد سلطان باہو، پیر عبدالخالق، ڈاکٹر محمد زبیر، حامد سعید کاظمی، پیر محمد امین، پیر خواجہ غلام قطب فرید، پیر نظام سیالوی، صاحبزادہ حافظ حامد رضا سمیت دیگر علماء بھی شریک تھے۔
اس اہم ملاقات کے موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید نے موجودہ ملکی صورت حال سے متعلق آگاہ کیا، وزیراعظم عمران خان نے رحمت اللعالمین اتھارٹی سے متعلق آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران کالعدم ٹی ایل پی کے احتجاج سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 12 رکنی کمیٹی بنادی گئی ہے، جو حکومت اور کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات کرے گی۔ تمام علماء کرام ملک کی بڑی شخصیات ہیں۔ علمائے کرام نے معاملے کے پُرامن حل کے لیے بھرپور تعاون کا اعلان کیا ہے۔