وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کالعدم جماعت کے احتجاج کے بعد قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ کالعدم جماعت کی غیر قانونی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے کل قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ اس اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق دیگر امور بھی زیر غور آئیں گے۔
خیال رہے کہ کالعدم تنظیم کے احتجاج کے باعث جی ٹی روڈ دونوں اطراف سے بند ہے، ٹریفک کی روانی بھی متاثر، رینجرز اور پولیس نے سیکیورٹی سنبھال لی۔
مظاہرین نے گزشتہ روز سے ہی جی ٹی روڈ کو دونوں اطراف سے بلاک کر رکھا ہے۔ دھرنے کو چاروں طرف سے ڈنڈا بردار مظاہرین نے گھیرے میں لیا ہوا ہے۔ کامونکی، ایمن آباد، چندا قلعہ، اندرون شہر، راہوالی جی ٹی روڈ سے رکاوٹیں ہٹالی گئیں۔ گکھڑمنڈی، وزیرآباد چوک پر بھی سیکیورٹی اہلکار غائب ہیں۔
تحصیل کامونکی میں گزشتہ روز سے ہی موبائل سروس بند ہے۔ اندرون شہر میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل جب کہ فون کال کی سہولت موجود ہے۔ رینجرز اور پولیس نے دریائے چناب اور وزیرآباد کے بارڈر پر سیکیورٹی سنبھال لی۔ پولیس نے مظاہرین کو اندرون شہر گوجرانوالا کے بجائے وزیرآباد اور دریائے چناب کے قریب روکنے کا منصوبہ بنالیا۔ جی ٹی روڈ سے ملحقہ تعلیمی ادارے بھی بند ہیں جب کہ جی ٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی انتہائی کم ہے۔