مصر میں چار سال بعد ایمرجنسی کا خاتمہ
قاہرہ: مصر کے صدر السیسی کے مطابق فیصلہ کیا گیا ہے کہ برسوں میں پہلی بار ملک کے تمام علاقوں میں ہنگامی حالات کا نفاذ ختم کردیا جائے۔
مصر نے اپریل 2017 میں گرجا گھروں پر بم دھماکوں کے بعد ہنگامی حالت نافذ کی تھی، جس میں ہر تین ماہ بعد توسیع کی جاتی تھی۔
حکومت کا دعویٰ ہے کہ ان بم دھماکوں کے وقت، مصر داعش کے عسکریت پسندوں سے منسلک تشدد کی بڑھتی ہوئی لہر سے نبردآزما تھا اور خاص طور پر شمال مشرقی سینائی کے علاقے میں اس کا کافی اثرورسوخ تھا۔
واضح رہے کہ ایمرجنسی کے تحت جہاں حکام کو وسیع تر اختیارات حاصل ہوئے، وہیں آزادی اظہار اور عوامی اجتماع جیسے عوام کے آئینی حقوق بھی سلب کرلیے گئے۔
دوسری جانب انسانی حقوق کے علمبردار گروپ صدر السیسی کی حکومت پر یہ کہہ کر شدید نکتہ چینی کرتے رہے کہ ایمرجنسی جیسے سخت اقدام کی آڑ میں حکومت اپنے مخالفین اور اپنے خلاف آوازوں کو کچلنے کا کام کرتی رہی۔