بھارت کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دے تو امن ممکن ہے: وزیراعظم

ریاض: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے دفاع کی جب ضرورت پڑی پاکستان ساتھ کھڑا ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان نے سعودی سرمایہ کاری فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ بندھا ہوا ہے اور اس کی دو وجوہ ہیں۔ پہلی وجہ مقدس مقامات ہیں اور دوسری وجہ جب بھی پاکستان کو ضرورت پڑی سعودی عرب ہمارے ساتھ کھڑا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے پاکستان پُرعزم ہے، پاکستان ہمیشہ اپنے مخلص دوستوں کو یاد رکھتا ہے۔ میں سعودی عرب کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ جب بھی آپ کا دفاع درپیش ہوگا تو دنیا میں کچھ بھی ہورہا ہو لیکن ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت پاکستان اچھے ہمسائے کے طور پر آگے بڑھ سکتے ہیں، بھارت کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دے تو امن ممکن ہے، بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دے۔ بھارت اگر مقبوضہ کشمیر کا معاملہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرے تو ہمارا کوئی جھگڑا نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم بھارت کے ساتھ کرکٹ کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں، گزشتہ روز ورلڈکپ میں پاکستان نے تاریخی فتح حاصل کی، گزشتہ روز پاکستان نے کرکٹ میں بھارت کو چاروں شانے چت کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع ہیں۔ پاکستان وسطی ایشیا اور چین کی بڑی مارکیٹ سے جڑا ہوا ہے اور پاکستان اسٹرٹیجک سطح پر واقع ہے، جہاں معیشت کا دروازہ ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔