سابق امریکی صدر کلنٹن کی طبیعت خراب، اسپتال داخل
کیلی فورنیا: امریکا کے سابق صدر بل کلنٹن کو طبیعت ناساز ہونے پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
امریکی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ سابق صدر کلنٹن کو یونیورسٹی آف کیلی فورنیا کے آئروائن میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں وہ انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق ڈاکٹرز نے سابق صدر کو خون اور پیشاب کے انفیکشن کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹرز نے سابق صدر کی صحت کو ہر وقت مانیٹر کرنے کے لیے انہیں آئی سی یو میں منتقل کیا ہے، جہاں انہیں اینٹی بائیوٹکس ادویہ دی گئی ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق بل کلنٹن کے ذاتی معالج کا کہنا ہے کہ سابق صدر کی خراب صحت کے پیش نظر ان کو مزید کچھ دن اسپتال میں رکھا جائے گا جب کہ بل کلنٹن کو کسی سنگین طبی مسئلے کے بجائے ان کی پرائیویسی اور سیفٹی کے لیے آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بل کلنٹن کی حالت بہتر ہے وہ اپنے اہل خانہ اور اسٹاف سے بھی رابطے میں ہیں جب کہ انہیں اسپتال میں واک بھی کرائی گئی ہے۔