آئی ایس آئی چیف کی تقرری پر قیاس آرائیاں درست نہیں: وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری میں تکنیکی خامی تھی جو ٹھیک ہوجائے گی، تعیناتی پر ہونے والی قیاس آرائیاں درست نہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں موجودہ صورت حال پر پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور فوج میں کسی قسم کی کوئی غلط فہمی نہیں، عسکری قیادت سے میرے سے زیادہ بہتر تعلقات کسی کے نہیں، ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی پر ہونے والی قیاس آرائیاں درست نہیں، اس میں تکنیکی خامی تھی جو ٹھیک ہوجائے گی۔
دھیان رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا اور اس حوالے سے تحریک انصاف کے تمام ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹرز کو شرکت کی ہدایت کی گئی تھی۔