بھارت کے پاس پیسہ اور ان کا کرکٹ بورڈ بہت مضبوط ہے: سعید اجمل
لاہور: پاکستان کے سابق اسٹار اسپنر سعید اجمل نے کہا ہے کہ بھارت کے پاس پیسہ اور تگڑے اسپانسرز ہیں، جس کی وجہ سے ان کا کرکٹ بورڈ بہت مضبوط ہے۔
ماضی میں اپنے اوپر عائد کردہ پابندی سے متعلق نجی ٹی وی میں گفتگو کرتے ہوئے سابق اسپنر سعید اجمل کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ہر چیز میں سائنس کو ڈال دیا ہے اور کہا ہے کہ ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
سعید اجمل کا کہنا تھا کہ مجھ پر الزام لگانے سے قبل انہوں نے بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون کو 6 ماہ کے لیے بولنگ سے روک دیا، ایشون کو کہا گیا کہ آپ 6 ماہ ریسٹ کرو اس کے بعد ویسٹ انڈین اسپنر سنیل نارائن کو انٹرنیشنل کھیلنے سے روک دیا گیا اور پھر بعد ازاں مجھے اور حفیظ کو سائیڈ لائن کردیا گیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جسپریت بمرا اور بولر ہربھجن سنگھ کے ساتھ بھی مسئلہ تھا لیکن چونکہ وہ دونوں بھارتی کرکٹر ہیں اور پھر ان کے کرکٹ بورڈ کے پاس پیسہ اور اسپانسر دونوں تگڑے ہیں اور پیسہ سر چڑھ کر بولتا ہے۔