لیجنڈ اداکار عمر شریف کی نماز جنازہ آج جرمنی میں ادا کی جائے گی
لیجنڈ اداکار عمر شریف کی نماز جنازہ آج جرمنی کے شہر نیورمبرگ میں ادا کی جائے گی اور میت کو ممکنہ طور پر کل پاکستان لایا جائے گا، عمر شریف کی بیوہ زریں غزل میت کے ہمراہ کراچی پہنچیں گی۔
واضح رہے کہ لیجنڈ کامیڈین عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔
اداکار عمر شریف 4 روز تک جرمنی کے اسپتال میں داخل رہے، انہیں کراچی سے واشنگٹن علاج کیلئے پہنچایا جارہا تھا لیکن ناساز طبیعت کے باعث انہیں جرمنی کے اسپتال میں ہی داخل کردیا گیا تھا۔
لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے عارضہ قلب، گردے اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔
خیال رہے کہ عمر شریف نے اپنے کیریئر کا آغاز 1974میں 14سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیا تھا اور 1980 میں پہلی مرتبہ آڈیو کیسٹ پر اپنا ڈرامہ ریلیز کیا تھا۔