اسٹار فٹ بالر میسی چوروں سے کس طرح بچے؟
پیرس: ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے دُنیائے فٹ بال کے مقبول ترین کھلاڑی لیونل میسی چوروں کے ہاتھوں لٹنے سے بچ گئے۔
انگلش میڈیا کی رپورٹس کے مطابق فٹ بالر گزشتہ ایک ماہ سے فرانس کے دارالحکومت پیرس کے ایک ہوٹل میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ مقیم ہیں، جہاں چور چار کمروں میں موجود قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوئے۔
چور پیرس کے فائیواسٹار ہوٹل کی چھت سے لٹک کر نیچے آئے اور لیونل میسی کے ہوٹل کے کمرے سے ایک منزل اوپر بالکونی میں کودے جہاں سے غیر لاک شدہ دروازے کے ذریعے وہ کمرے میں داخل ہوگئے۔
ماسک لگائے ان چوروں نے اسی طرح چار کمروں میں موجود نقد رقم اور ہزاروں پاؤنڈ مالیت کے زیورات لوٹ لیے۔
چوروں نے چار کمروں کو لوٹا جنہیں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے دیکھا گیا تاہم میسی اس واردات میں خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔
دھیان رہے کہ لیونل میسی نے چند ہفتوں قبل اسی ہوٹل کے کمرے کی بالکونی سے اپنے مداحوں کو ہاتھ ہلاکر ان کی محبت کا جواب دیا تھا۔