شمالی کوریا نے ’طیارہ شکن میزائل‘ کا کامیاب تجربہ کرلیا

پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے ایک ہفتے کے دوران دوسرا میزائل ٹیسٹ کیا ہے اور اس بار طیارے کو فضا میں نشانہ بنانے والے جدید میزائل کا کامیاب کا تجربہ کیا گیا ہے۔
سرکاری میڈیا کورین سینٹرل نیوز ایجنسی کے مطابق جڑواں روڈر کنٹرول اور دیگر نئی ٹیکنالوجیز سے لیس ’’طیارہ شکن میزائل‘‘ کا کامیاب تجربہ کیا گیا جس کے دوران اینٹی ایئر کرافٹ میزائل نے غیر معمولی جنگی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
سخت میڈیا کنٹرول والے ملک شمالی کوریا کے صرف ایک سرکاری اخبار میں شائع ہونے والی تصویر میں میزائل لانچر گاڑی سے طیارہ شکن میزائل کو فضا میں جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
شمالی کوریا نے حالیہ دنوں میں تین میزائل تجربے کیے ہیں اور تینوں بار جنوبی کوریا اور جاپان نے اس کی اطلاع عالمی میڈیا کو دی تاہم اس تجربے سے متعلق شمالی کوریا نے خود ہی انکشاف کیا ہے جب کہ حریف ممالک بے خبر رہے۔
واضح رہے کہ شمالی کوریا نے 6 ماہ کی بندش کے بعد ستمبر کے وسط سے ہتھیاروں بالخصوص میزائل تجربات کا دوبارہ سے آغاز کیا ہے جس پر جنوبی کوریا اور جاپان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے عالمی تنظیموں سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔