ملک میں قیام امن کیلئے عمران کی کوششیں قابل ستائش ہیں: افغانستان
کابل: ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے عمران خان کی کوششیں قابل ستائش ہیں، پاکستان افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کررہا۔
افغانستان کے نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی برادری افغانستان کی نئی حکومت کو تسلیم کرے، ننگرہار، جلال آباد میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں، افغانستان میں دہشت گردی کے واقعات پر جلد قابو پالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی کسی کو اجازت نہیں، افغانستان میں کسی ملک کی مداخلت نہیں چاہتے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ افغانستان میں مشکلات کے باوجود جلد استحکام پیدا ہوجائے گا، جامع حکومت کی تشکیل کی جانب بڑھ رہے ہیں، کابینہ میں عوام کی خدمت کرنے والوں کو شامل کریں گے، نئی کابینہ میں اقلیتی برادری کو شامل کیا جائے گا۔