ووٹنگ مشین کیخلاف درخواست قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ
اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے آئندہ عام انتخابات کرانے کے خلاف درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ حکومت الیکشن کمیشن کی اتھارٹی پر غالب آنا چاہتی ہے۔
درخواست گزار نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے پاس الیکشن کمیشن نے اعتراضات داخل کیئے ہیں۔
چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے درخواست گزار سے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے انتخابات کے لیے تو قانون سازی نہیں ہو گی؟
چیف جسٹس نے کہا کہ آپ تو بڑے اہم ایشوز عدالت لاتے ہیں، ابھی یہ درخواست قبل از وقت نہیں؟ ابھی تو اس پر بحث ہو رہی ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ میں آرڈر کر دوں گا، آپ کو الیکشن کمیشن کے اعتراضات کی کاپی مل جائے گی۔
جس کے بعد عدالتِ عالیہ نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے آئندہ عام انتخابات کرانے کے خلاف درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا