قومی ہاکی ٹیم کے 12 کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ میں 1 ماہ کی توسیع
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ہاکی ٹیم کے 12 کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ میں 1 ماہ کی توسیع کر دی۔
ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کھیلوں کی سرگرمیاں نہ ہونے کے باعث فٹنس ٹیسٹ نہیں لیئے جا سکے ہیں جو کہ ہر ماہ لیئے جانے تھے اور اس کی بنیاد پر سینٹرل کنٹریکٹ دیا جانا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ دوسرا فٹنس ٹیسٹ لینے کا وقت آیا تو این سی او سی کی ہدایات پر سرگرمیاں معطل ہوئیں، اس لیئے سینٹرل کنٹریکٹ میں 1 ماہ کی توسیع کر دی، تیسرے ماہ کے کنٹریکٹ فٹنس ٹیسٹ کی بنیاد پر ملیں گے۔
آصف باجوہ نے کہا کہ 21 سے 28 ستمبر تک چیف آف نیول اسٹاف ہاکی اور 30 ستمبر سے کے پی کے لیگ ہوگی، دونوں ایونٹس کے بعد ٹیسٹ ہوں گے، پہلے ٹیسٹ جو کہ جولائی میں ہوئے تھے اس میں فیل ہونے والے بھی ٹیسٹ میں شامل ہوں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ہاکی کے حوالے سے جلد اچھی خبریں ملیں گی، دسمبر میں جونیئر ورلڈ کپ اور ایشیئن ہاکی چیمپیئن شپ منعقد ہونا ہے، مقررہ وقت پر ایونٹس ہونے کا فیصلہ ہوا تو اکتوبر میں سینئر اور جونیئر ٹیموں کے کیمپس لگائیں گے