کراچی میں اگلے چار دن بجلی ہوگی نہ گیس ،گرمی کا پارہ ہائی ہوگا
کراچی میں آج سے گیس نہیں ملے گی، کے الیکٹرک نے لوڈشیڈنگ کا بھی عندیہ دے رکھا ہے اور محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو کی وارننگ بھی دی ہے۔
شہر میں گیس فراہمی17 ستمبر تک بند رہے گی، گیس پریشر میں کمی سے کے الیکٹرک کی بجلی پیداوار کم ہونے کا امکان، شہر میں آج درجہ حرارت 37 ڈگری گریڈ تک جانے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
کراچی کے شہریوں کو اگلے چار دن تک بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہوگا، سوئی سدرن نے آج سے 4 دن تک گیس قلت کا اشارہ دیا ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق ایل این جی ٹرمینل پر کام کے سبب 4 دن گیس کی قلت ہوگی۔ آج سے17 ستمبر تک مختلف علاقوں میں گھروں میں بھی گیس کی کمی ہوسکتی ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق ’’کے الیکٹرک‘‘ کو 190 کے بجائے 150 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جائے گی۔ گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث بجلی کی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے متبادل ذرائع سے بجلی حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کورنگی گیس پاور پلانٹ پر مطلوبہ پریشر ملتا رہا تو بجلی کی پیداوار میں کمی نہیں ہوگی۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز آج سے چار روز کیلئے بند رہیں گے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق ایل این جی ٹرمینل کی ڈرائی ڈاکنگ کے باعث سسٹم میں گیس کی کمی آئے گی ۔ ٹرمینل کی مرمت کے بعد دوبارہ فعال ہونے کے لئے چار دن کا وقت درکار ہو گا۔
کراچی میں گرمی کی شدت میں بھی اضافہ متوقع ہے اور سمندری ہوائیں بھی بند رہنے کا امکان ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ راجھستان اور خلیج بنگال میں موجود ہوا کے کم دباو کے اثرات شہر میں گرمی کی صورت میں نمایاں ہوں گے۔ شمال مشرق کی سمت سے گرم ہوائیں چلیں گی۔
محکمہ موسمیات کا کہناہےکہ14سے 16ستمبر شہر میں پارہ چالیس ڈگری کو چھو سکتا ہے۔ 16ستمبر کی شام سے شہر میں نیا مون سون سسٹم دستک دے گا