صاف پانی ریفرنس: شہباز کی بیٹی اور داماد کی جائیدادیں قرق
لاہور: شہباز شریف کی بیٹی اور داماد کی جائیدادیں قرق کرلی گئیں۔
صاف پانی ریفرنس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد کی جائیدادیں قرق کرلی گئیں جب کہ اس حوالے سے رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرادی گئی، عدالت نے دیگر شریک ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر دلائل طلب کرنے کے بعد کارروائی 23 ستمبر تک ملتوی کردی۔
نیب تفتیشی ٹیم نے شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف اور بیٹی رابعہ عمران کی جائیداد قرقی کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی، جس میں کہا گیا کہ میسرز فاطمہ ڈیولپرز میں عمران علی کے 65 لاکھ شیئرز اور رابعہ عمران کے 35 لاکھ شیئرز کی مالک ہیں، میسرز ایس ایم سی میں عمران علی یوسف کے 60 لاکھ مالیت کے شیئرز ہیں، حدیبیہ انجینئرنگ میں شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران کے 7 ہزار مالیت کے شیئرز شامل ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ شریف پولٹری فارم میں رابعہ عمران کے 1 ہزار مالیت کے شیئرز بھی قرق کیے گیے ہیں، مدینہ فیڈ میں عمران علی کے شیئرز کی مالیت 1 کروڑ 25 لاکھ جب کہ رابعہ عمران 50 لاکھ مالیت کے شیئرز کی مالک ہیں، میسرز پروسیڈ فوڈ میں عمران علی اور رابعہ عمران کے 25 لاکھ مالیت کے شیئرز ہیں، اس کے علاوہ علی ٹریڈ سینٹر اور علی ٹاور میں عمران علی اور رابعہ عمران متعدد دکانوں کے مالک ہیں۔
خیال رہے کہ احتساب عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد کے پیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار دیتے ہوئے جائیدادوں کو قرق کرنے کا حکم دیا تھا۔