عفت عمر اور علی گل پیر کے وارنٹ گرفتاری جاری
لاہور: ماڈل عفت عمر اور ٹیلی وژن اداکار علی گل پیر کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے جب کہ گلوکارہ میشا شفیع کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا گیا۔
گزشتہ روز لاہور جوڈیشل مجسٹریٹ میں عفت عمر اور علی گل پیر کے خلاف ہتک عزت کیس کی سماعت ہوئی، جس میں دونوں عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئے۔ گلوکار علی ظفر نے میشا شفیع کیس میں دونوں کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ کر رکھا ہے۔
عدالت نے عفت عمر اور علی گل پیر کو نوٹس جاری کیے تھے تاہم مسلسل غیر حاضری پر اب دونوں کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے ہیں۔
ماڈل عفت عمر نے گزشتہ روز ہونے والی سماعت کے لیے حاضری سے اسثتنیٰ کی درخواست دی تھی جب کہ کیس میں نامزد لینا غنی، فریحہ ایوب، فیضان اور حسیم الزماں نے مستقل حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دی تھیں۔ عدالت نے تمام درخواستوں کو مسترد کردیا ہے۔
عدالت نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا کہ کیس میں نامزد ملزمان غیرحاضری کی وجہ سے عدالت کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
عدالت نے گلوکارہ میشا شفیع کو اگلی سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
خیال رہے کہ 2018 میں میشا شفیع نے علی ظفر پر الزام عائد کیا تھا کہ علی ظفر نے انہیں متعدد مرتبہ جسمانی ہراساں کیا، جس پر علی ظفر نے ان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کردیا۔ عفت عمر اور علی گل پیر پر مبینہ طور پر علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا مہم چلانے کا الزام ہے۔