کراچی میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ آج دوپہر میں شہر میں تھنڈر سیلز بننے کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے، جس کے باعث کہیں کہیں تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔
ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ پورا سندھ مون سون ہواؤں کی گرفت میں ہے، مون سون سسٹم نے خصوصاً جنوبی سندھ کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، جہاں اس سسٹم کا پھیلاؤ کراچی تک پہنچ رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آئندہ 2 روز (11 ستمبر) تک شہرِ قائد میں بارش کا امکان ہے، دو، تین روز پہلے گزشتہ رات بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔
ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات سردار سرفراز کا مزید کہنا ہے کہ 15 اور 16 ستمبر کے بعد بارش کا ایک اور اسپیل متوقع ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی اور حیدر آباد میں آدھے گھنٹے میں 50 سے 60 ملی میٹر بارش ہو جائے تو افرا تفری مچ جاتی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی کا کم سے کم درجۂ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ شہرِ قائد میں مغرب کی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 12 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے، جن میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔