کراچی میں بارش، سڑکوں پر پانی جمع، بجلی معطل
کراچی میں رات گئے تک بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔ بارش کے بعد کہیں پانی جمع تو کہیں نالے ابل پڑے۔ بجلی بندش نے شہریوں کے لیے مشکل بڑھادی۔
کراچی میں رات گئے تک بادل برسنے کے بعد مختلف سڑکیں زیر آب آگئیں۔ گلیاں اور محلے بھی تالاب کو منظر پیش کرنے لگے۔ ٹاور سے ایم اے جناح روڈ جانےوالی سڑک پر پانی جمع ہوگیا۔
واٹر پمپ سے گلبرگ چورنگی جانے والی سڑک زیر آب آگئی،لنڈی کوتل چورنگی کے قریب نالا ابل پڑنے سے پانی سڑک پر آگیا۔
لیاقت آباد دس نمبر کی سڑک پر پانی موجود ہے۔نیپا چورنگی گلشن اقبال سے پانی نکال لیا گیا ہے اور سفاری پارک کے اطراف سڑکوں سے پانی کی نکاسی کا کام جاری ہے۔
دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد سے بجلی غائب ہے۔ ملیر ،لانڈھی ،شاہ فیصل کالونی، شاہراہ فیصل جمشید روڈ اور عزیز آباد میں بجلی معطل ہے۔
لیاقت آباد ،عائشہ منزل ، گلستان جوہر اورگلشن اقبال میں بھی بجلی بند ہے۔ کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سرجانی ٹاون میں سب سے زیادہ 58ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ نارتھ کراچی میں 51ملی میٹر،اورنگی ٹاون میں 37ملی میٹر، ناظم آبادمیں 32ملی میٹر،مسروربیس پر17ملی میٹر بارش ہوئی۔
کیماڑی میں 15ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ پر7اعشاریہ 8 ملی میٹر، گلشن حدید میں 4ملی میٹر،جناح ٹرمینل پر 2اعشاریہ 8ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی ۔
سب سے کم بارش اولڈائیرپورٹ پر 1اعشاریہ 5ملی میٹرریکارڈ کی گئی۔
کراچی میں بارش کے بعد موسم تو خوشگوار ہو گیا لیکن بجلی بندش اور سڑکوں پر جمع پانی سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ دفاتر جانے والے افراد اور اسکول جانے والے بچوں کو سڑکوں پر جمع پانی کےباعث منزل پر پہنچنے میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ہفتے مسلسل چار روز کی بارش سے کراچی میں پانی جمع ہو گیا تھا