حیدرآباد سمیت 4 شہروں میں 40 فیصد ویکسینیشن کا ہدف حاصل نہیں ہوسکا، اسد عمر
اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر کاکہنا ہے کہ ملک کے 24میں سے 20 بڑے شہروں میں 18 سال یا زائد عمر کی 40 فیصد ویکسینیشن کا ہدف پورا کر لیا ہے، جبکہ ہدف پورا نہ کرنے والے 4 شہروں میں حیدرآباد، مردان، نوشہرہ اور کوئٹہ شامل ہیں۔
این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ اگست کے آخر تک 24 بڑے شہروں میں 40 فیصد آبادی کی کم از کم جزوی ویکسینیشن کا ہدف مقرر کیا تھاجبکہ24 بڑے شہروں میں18 یا زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن کا کم از کم ہدف مقرر کیا تھا۔
اسد عمر نے بتایا کہ اسلام آباد ویکسینیشن میں سب سے آگے ہے وہاں ویکسین کی اہل 69 فیصد آبادی کی ویکسینیشن ہو چکی ہے ، گزشتہ روز پہلی بار پہلی اور دوسری ویکسین کی سب سے زیادہ خوراکیں لگائی گئی ہیں۔
وفاقی وزیر کے مطابق پہلی بار ملک میں یومیہ ویکسین لگانےکی تعداد 15 لاکھ سےتجاوز کرگئی ہے اور گزشتہ روز 1 اعشاریہ 59 ملین ویکسین کی خوراکیں لگائی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز 10 لاکھ 71 ہزار پہلی خوراکیں اور 5 لاکھ 19 ہزار ویکسین کی دوسری خوراکیں لگائی گئی ہیں جبکہ ملک میں ویکسین کی اہل 35 فیصد آبادی کو ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لگ چکی ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ویکسین کی اہل 51 فیصد آبادی کو ویکسین لگ چکی ہے، گلگت بلتستان 39 ،پنجاب 37 ،سندھ 32 اور بلوچستان کی 12 فیصد اہل آبادی کی ویکسینیشن ہوچکی ہے۔