امید ہے پی ڈی ایم والے لانگ مارچ سے قبل استعفے دیں گے: بلاول
کندھ کوٹ: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا پی ڈی ایم سے متعلق کہنا ہے کہ انہوں نے لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے تو امید ہے پہلے استعفے دیں گے۔
کندھ کوٹ میں پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ تحریک انصاف کی پہلی اور آخری حکومت ہے، عوام نے (ن) لیگ کے بعد عمران خان کی کارکردگی بھی دیکھ لی، پاکستان کےعوام تبدیلی کا اصل چہرہ دیکھ چکے ہیں، دھاندلی زدہ نظام کا بوجھ عوام مہنگائی کی صورت برداشت کررہے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ شفاف انتخابات جلد کرائے جائیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کو سیاسی سرگرمیوں سے نقصان پہنچنا چاہیے، اپوزیشن پہلے عثمان بزدار اور پھر وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد لائے تو کامیاب ہوسکتے ہیں، ہمارے پی ڈی ایم کے دوست ضمنی اور سینیٹ الیکشن میں حصہ نہ لینے پر بضد تھے، اپوزیشن نے ضمنی اورسینیٹ انتخابات میں حصہ لیا اور کامیابی حاصل کی، دوستوں نے کہا تھا کہ لانگ مارچ استعفوں کے بغیر نہیں ہونا چاہیے، اب انہوں نے لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے تو امید ہے پہلے استعفے دیں گے، ہم پی ڈی ایم کے لیے دعاگو ہیں۔