صرف شفاف الیکشن اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں: شہباز شریف
کراچی: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے مطالبہ کیا ہے کہ 2023 کے انتخابات شفاف ہونے چاہئیں، عوام جسے منتخب کریں وہ ملک کی خدمت کریں، اس وقت ملک پر تاریخ کے نالائق ترین حکمران مسلط ہیں۔
مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مزاحمت نہ مفاہمت، صرف شفاف الیکشن اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، موجودہ حکومت نالائق اور نااہل ہے، اقتدار میں چور دروازے سے آئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ جب تک چھوٹے صوبے ترقی نہیں کریں گے پاکستان ترقی نہیں کرے گا۔ گرین لائن نواز شریف کا منصوبہ تھا جو ن لیگ نے سندھ اور کراچی کے عوام کو تحفے میں دیا۔ سیاسی جماعتوں نے مل کر مجھے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بنایا، اب میرا فرض بنتا ہے کہ تمام پارٹیوں کو ساتھ ملاکر چلوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا چاہتے تھے مگر ملک کے حالات دیکھتے ہوئے آج ہم قائداعظم سے شرمندہ ہیں۔ پاکستان دو ٹکڑے ہوگیا پھر بھی ہم نے کوئی سبق نہیں سیکھا، 20، 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جادو سے نہیں نواز شریف کی شب و روز کی محنت کے سبب ختم ہوئی۔