سونیا حسین نے اسٹائل ایوارڈ کی نامزدگیوں پر سوال اٹھادئیے

کراچی: اداکارہ سونیا حسین نے اسٹائل ایوارڈز کی نامزدگیوں پر سوال اٹھاتے ہوئے اپنے ڈرامے ’’سراب‘‘ کو ایک بھی نامزدگی نہ ملنے پر شکوہ کیا ہے۔
سونیا حسین نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر اسٹوریز کے ذریعے اسٹائل ایوارڈز میں اپنے ڈرامے ’’سراب‘‘ کو ایک بھی نامزدگی نہ ملنے پرمایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہم لوگوں میں شعور بیدار کرنے اور حقیقی مسائل کو اجاگر کرنے والے مواد کی تخلیق کے بارے میں بات کرتے ہیں کہ سماج میں تبدیلی لانے والے مواد کی ضرورت ہے لیکن جب کوئی بڑی محنت سے اس طرح کا مواد (ڈراما) تیار کرتا ہے تو اسے نامزد ہی نہیں کیا جاتا۔ کیا یہ دوہرا معیار نہیں ہے؟
سونیا حسین نے اسٹائل ایوارڈز میں نامزد ہونے والے ڈراموں پر سوال ا ٹھاتے ہوئے کہا حقیقی مسائل پر مبنی ڈرامے یا پھر کامیاب پروجیکٹس؟ مجھے ان ایوارڈز شو کا معیار کبھی سمجھ نہیں آیا؟
اس پوسٹ میں سونیا حسین نے اپنے چند کامیاب ڈراموں کا ذکرتے ہوئے کہا اگر آپ کا معیار کامیاب پروجیکٹس ہی ہیں تو کیوں ماضی میں میرے میگا بلاک بسٹر ڈرامے جیسے کہ سوشل میڈیا کے غلط استعمال پر مبنی ڈراما ’’ایسی ہے تنہائی‘‘، بچوں سے زیادتی پر مبنی ڈرامے ’’نازو‘‘ اور ’’میری گڑیا‘‘، دوہری شخصیت پر مبنی ڈراما ’’عشق زہے نصیب‘‘ اور بیوہ خواتین پر ہونے والے سماجی دباؤ پر مبنی ڈرامے ’’شکوہ‘‘ کو نامزد نہیں کیا گیا۔
سونیا حسین نے مزید کہا میں گزشتہ 7 برسوں سے خاموش تھی لیکن کیا سچ میں ان میں سے ایک بھی ڈراما نامزدگی کا مستحق نہیں تھا۔ بہرحال ایک ایسا ملک جہاں بہت سے نامور فنکاروں کو ان کے گزرجانے کے بعد لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز دئیے جاتے ہیں تو میں کون ہوتی ہوں سوال کرنے والی؟
واضح رہے یہ پہلی بار نہیں ہے جب کسی فنکار نے ایوارڈ شوز کے معیار پر سوال اٹھایا ہو۔ ماضی میں صبا قمر، نعمان اعجاز، فائزہ حسن، شمعون عباسی، محسن عباس حیدر اور بدر خلیل جیسے بڑے فنکار بھی ایوارڈ شوز کے معیار پر سوال اٹھاچکے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔