وزیراعلیٰ سندھ سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی پیک کی ملاقات
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وزیراعظم کے سی پیک پر معاون خصوصی خالد منصور کی ملاقات۔
ملاقات میں صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ، وزیراعلیٰ سندھ کے سرمایہ کاری پر معاون خصوصی قاسم نوید، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، سیکریٹری انویسٹمنٹ زاہد عباسی، سیکریٹری توانائی طارق شاہ شریک تھے۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے سی پیک میں سندھ کے پروجیکٹس کے حوالے سے بات چیت کی، وزیراعلیٰ سندھ نے تھر بلاک VI میں گیس لیکویڈ کو فوری منظور کرانے کے لیے بات چیت کی۔
مُراد علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ تھربلاک VI کے لیے وفاقی حکومت کوئلے سے لیکویڈ، کوئلے سے گیس اور کوئلے سے کھاد کی پالیسی بنائے، تھرکول فیلڈ میں اسلام کوٹ سے چھوڑ تک 105 کلومیٹر ریلوے لائن بچھانے کے کام کو اولیت دی جائے۔ اس ریلوے لائن کے ذریعے تھر سے ملک کے دیگر حصوں میں کوئلے کی ٹرانسپورٹ میں آسانی ہوگی۔ اس ریلوے پروجیکٹ کی تعمیر 160 ملین ڈالر سے ہوگی اور ریل گاڑیاں خریدنے پر 127 ملین ڈالر خرچہ آئے گا۔ چھوڑ سے میرپورخاص، حیدرآباد اور پورٹ قاسم تک موجودہ ریلوے لائن کو بھی اپ گریڈ کیا جائے۔ دھابے جی اسپیشنل اکنامک زون کے حوالے سے سندھ حکومت تمام انتظامات مکمل کرچکی ہے۔ دھابے جی اسپیشل اکنامک زون کے کام کو جلد شروع کیا جائے۔