ہماری واحد خواہش افغانستان میں امن، استحکام کے حصول میں مدد کرنا ہے: آرمی چیف
راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں جاری کشیدگی میں پاکستان کا کوئی پسندیدہ نہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جرمنی، اٹلی اور ہالینڈ کے سفیروں نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر افغانستان کی صورت حال اور یورپی یونین کے ساتھ دو طرفہ تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کے دوران کہا کہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے، افغانستان میں جاری کشیدگی میں پاکستان کا کوئی پسندیدہ نہیں، ہماری واحد خواہش افغانستان میں امن اور استحکام کے حصول میں مدد کرنا ہے، پاکستان یورپی یونین کے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ہم مشترکہ مفادات کی بنیاد پر باہمی فائدہ مند ملٹی ڈومین تعلقات کو بڑھانے کے لیے سنجیدہ ہیں۔
ملاقات کے دوران ٖغیر ملکی سفرا نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور ہر سطح پر پاکستان کے ساتھ مزید تعاون کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔