5 اگست کا بھارتی اقدام اقوام متحدہ کے چارٹر، قراردادوں کی خلاف ورزی تھا: پاکستان
اسلام آباد: پاکستان کا کہنا ہے کہ 5 اگست کا بھارتی اقدام اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی تھی۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان کی طرف سے جموں و کشمیر کے تنازع پر اقوام متحدہ کے موقف کے اعادہ کا خیرمقدم کرتا ہے، بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ جموں و کشمیر کے تنازع پر اقوام متحدہ کا موقف “اچھی طرح سے قائم” ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ہم بالخصوص اس بیان کی بروقت تعریف کرتے ہیں کیونکہ یہ 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر قانونی اور یک طرفہ اقدامات کے دو سال مکمل ہونے کے ساتھ ہی ہے، 5 اگست کا بھارتی اقدام اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی تھی، بیان میں اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل نمائندے کے اس دعوے کی تردید کی گئی کہ جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے۔