حفاظتی سامان فراہم نہ کرنے پر ینگ ڈاکٹرز کا کوئٹہ اور کراچی میں احتجاج
کراچی/ کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں حفاظتی کٹس کی عدم فراہمی پر ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے دھرنا دے دیا، پولیس کا مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج، درجنوں گرفتار۔
ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے حفاظتی کٹس کی عدم فراہمی پر وزیراعلیٰ ہاؤس اور گورنر ہاؤس کا گھیراؤ کیا، مطالبات منظور نہ ہونے پر دھرنا دیدیا۔ احتجاج پر پولیس ایکشن میں آئی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا، درجنوں کو پکڑ کر بکتر بند گاڑیوں میں بند کر دیا گیا اور پھر حوالات منتقل کیا گیا۔
ینگ ڈاکٹرز نے پولیس تشدد کے خلاف صوبے بھر میں بائیکاٹ کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا جب تک حفاظتی کٹس فراہم نہیں کی جاتیں دھرنا جاری رہے گا۔
کورونا کے خلاف جنگ لڑنے والے ڈاکٹروں نے کراچی میں حفاظتی سامان کی عدم فراہمی پر احتجاج کیا۔ ینگ ڈاکٹرز نے او پی ڈیز کا بائیکاٹ کر کے بازووؑں پر سیاہ پٹیاں باندھیں۔ ان کا مطالبہ تھا کہ حفاظتی سامان فراہم کیا جائے اور سرکاری ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی تعداد بڑھائی جائے۔