تحریک انصاف ججوں کو بدنام کرنے کے مشن پر ہے، ناصر شاہ
کراچی: وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اعلیٰ عدالتوں کے ججوں کی اہلیت پر فواد چوہدری کے ریمارکس کی میں شدید مذمت کرتا ہوں۔ ان کے ریمارکس عقل سے عاری ہیں، جب ججوں کے طرزِ عمل یا اہلیت پر پارلیمنٹ میں بات نہیں کی جاسکتی تو کوئی وفاقی وزیر یہ کیسے بیان دے سکتا ہے کہ جج نااہل ہے؟ اب جب ان کے ریمارکس نے معزز ججوں کو بدنام کیا ہے تو ضروری ہے کہ مجھے اس پر بات کرنا ہوگی کہ ہمارے پاس سندھ ہائی کورٹ کے محترم چیف جسٹس کے لیے انتہائی احترام ہے جو ناصرف سینئر ترین ہیں بلکہ ایک بہت ہی قابل جج ہیں، ناصرف وہ بلکہ چاروں جج انتہائی قابل ہیں اور ان کی صلاحیت، دیانت داری یا قابلیت کے بارے میں کوئی شبہ یا سوال نہیں ہے۔
اپنے ایک بیان میں ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا، یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ تحریک انصاف ججوں کو بدنام کرنے کے مشن پر ہے۔ یہ عدلیہ جیسے محترم ادارے کے لیے تباہ کن ہے۔ کیوں کہ عدلیہ ایک ستون ہے جس کے بغیر ریاست کھڑی نہیں ہوسکتی۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سینئر ترین اور انتہائی قابل بھی ہیں۔ اس کے علاوہ عدالت ِعالیہ میں فیصل عرب کی ریٹائرمنٹ کے بعد کوئی بھی سندھی بولنے والا جج موجود نہیں۔ چیف جسٹس بلوچستان کی طرح ، جو ایک بلوچی ہیں، ان کو بھی اعلی عدلیہ میں ترقی دی گئی ہے، ہم توقع کرتے ہیں کہ چیف جسٹس سندھ بھی اعلیٰ عدلیہ میں ترقی پائیں گے۔ اس بات پر توجہ دلانے کا ہر گز مقصد یہ نہیں کہ لسانیت پر بات کی جارہی ہے بلکہ ایک حق دار کو اس کا حق دلانے کی بات کی جارہی ہے جو بحیثیت مسلمان ہمارا فرض اولین ہے۔