افغانستان کے صدارتی محل پر راکٹ حملے
کابل: افغانستان ميں صدارتی محل پر راکٹوں سے حملہ کیا گیا، تاہم جانی نقصان کے بارے میں تفصیلات سامنے نہ آسکیں۔
منگل کو کابل میں عیدالاضحیٰ کی نماز کے دوران صدارتی محل پر راکٹ داغے گئے۔ حملے کے وقت صدر اشرف غنی اور ديگر حکام عيدالاضحیٰ کی نماز ادا کررہے تھے۔ افغان حکام کی جانب سے کسی نقصان کے بارے ميں کچھ نہيں بتايا گيا ہے۔
افغان ميڈيا کے مطابق کابل پر پروان کے علاقے سے 3 راکٹ فائر کيے گئے جو باغ علی مردان، چمن حضوری اور منابے بشاری کےعلاقے ميں گرے۔ سیکیورٹی فورسز نے پروان سی کے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
خیال رہے کہ افغانستان میں امریکی اور اتحادی افواج کے انخلا کے بعد افغان طالبان کی جانب سے ملک کے مختلف حصوں پر قبضوں کا سلسلہ جاری ہے اور کافی علاقے افغان طالبان کی دسترس میں آچکے ہیں۔