آزاد کشمیر، بارش کے باعث وزیراعظم عمران خان کا جلسہ ملتوی
مظفر آباد: آزاد کشمیر میں شدید بارش کے باعث حکمراں جماعت تحریک انصاف کی انتخابی مہم متاثر ہوئی ہے، پانی جمع ہونے سے وزیراعظم عمران خان کا مظفرآباد جلسہ ملتوی کردیا گیا۔
تحریک انصاف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان کے دوبارہ جلسے کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
گزشتہ روز بھمبر اور میرپور میں جلسوں سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ کے زیر اثر بھارتی حکومت ہندو بالا دستی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ملک میں دیگر اقلیتوں کو بھارتی شہری تسلیم نہیں کرتی۔
انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ہٹلر کے نازی نظریے پر عمل پیرا ہے اور ملک میں مسلمان، سکھ، دِلت سمیت تمام اقلیتوں کو بدترین مظالم کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں سے بھی یہی سلوک کیا جارہا ہے۔ کشمیری دہائیوں سے جدوجہد کررہے ہیں اور انہوں نے اپنے بچپن سے فیصلہ کیا تھا کہ جب بھی انہیں موقع ملا وہ کشمیریوں کا مقدمہ لڑیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ ان کی کوششوں کی بدولت کشمیر کا معاملہ پچاس سال کے وقفے کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں زیر بحث آیا۔ کشمیریوں نے تمام مظالم کا بہادری اور جرأت سے سامنا کیا اور تمام پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند رکھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں آزادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کی مگر وہ کامیاب نہیں ہوسکا۔ عمران خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیر کا مسئلہ تمام عالمی فورمز پر اٹھاتا رہے گا۔