کورونا بحران: وزیر اعظم نے تعمیراتی انڈسٹری کے لیے بڑے پیکیج کا اعلان کر دیا
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ کیسے لڑنی ہے اس کا فیصلہ عوام کرے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے ایک طرف کورونا ہے، دوسری طرف غربت ہے، مغرب میں ایک طرف کورونا ہے اور دوسری طرف معیشت ہے، لاک ڈاؤن کامیاب تب ہوگا جب ہر جگہ لاگو ہو۔
انھوں نے مزید کہا کہ اگر ہم مکمل لاک ڈاؤن کرتے ہیں، تو کیا غریبوں کی بنیادی ضروریات پوری کرسکیں گے؟ چین نے ووہان کو دو مہینے بند رکھا، مگر لوگوں کے گھروں میں کھانا پہنچایا۔
تعمیراتی انڈسٹری کے لیے پیکیج کا اعلان
اس موقع پر وزیر اعظم نے تعمیراتی انڈسٹری کے لیے پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس پیکیج کا مقصد مزدور طبقے کو ریلیف دینا ہے۔
انھوں نے تعمیرات کے شعبے کو صنعت کا درجہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی اس سال کنسٹرکشن کے شعبے میں سرمایہ کاری کرے گا، اس سے ذرائع آمدن نہیں پوچھا جائے گا۔
نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں سرمایہ کاری کرنے والوں کوخاص رعایت ملے گی۔ سیمنٹ اور اسٹیل کے علاوہ تعمیرات سے منسلک دیگر شعبوں پر وِد ہولڈنگ ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے۔