کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنے تک سمجھوتہ نہیں کریں گے، وزیر اعظم
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنے تک کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ یوم شہدا پر کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور 13 جولائی 1931 کے 22 شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جب ڈوگرا مہاراجہ کے فوجیوں نے پرامن کشمیری مظاہرین پر فائرنگ کی تھی۔
یومِ شہداء کےموقع پر ہم اہلِ کشمیر کیساتھ اور 13جولائی1931کےان 22شہداءکو سلام پیش کرتےہیں جو ڈوگرہ مہاراجہ کےسپاہیوں کیجانب سےپرامن مظاہرین پرگولیاں برسائے جانےپرمنصبِ شہادت پر فائزہوئے۔بھارتی جبر اور غیرقانونی تسلط کیخلاف کشمیریوں کی جدوجہدمزاحمت اورقربانیوں کی تاریخ سے عبارت ہے
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) July 13, 2021
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر ظلم و بربریت اور غیرقانونی بھارتی قبضے کے خلاف نئی جدوجہد سامنے آئی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قبضے، ظلم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی ایک تاریخ ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف کشمیری مرد اور خواتین جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ان کی منصفانہ جدوجہد میں کھڑا ہے اور جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا۔