نیویارک فلیٹ کیس، آصف زرداری نے نیب سے ایک ماہ کی مہلت مانگ لی
اسلام آباد: سابق صدر آصف زرداری نے نیویارک فلیٹ انکوائری میں نیب کو جواب جمع کرادیا۔
آصف زرداری نے نیب میں اپنے وکیل کے ذریعے جواب جمع کرایا جس کی ایک کاپی اسلام آباد ہائی کورٹ میں ان کی پٹیشن کے ساتھ منسلک ہے۔
انہوں نے تحریری جواب میں نیب سے ایک ماہ کی مہلت مانگتے ہوئے کہا کہ نیویارک فلیٹ پر معلومات اکٹھی کرنے کیلئے ایک ماہ کا وقت دیا جائے، وہ نیب اور عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اور پیش بھی ہوتے رہے ہیں۔
نیویارک میں آصف زرداری کے نام پر فلیٹ کا انکشاف ہوا ہے، جس پر نیب نے ان سے اپارٹمنٹ کے حوالے سے معلومات طلب کی ہیں اور سوالنامے کا جواب دینے کو کہا گیا ہے۔ نیب نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری نے فلیٹ کو اثاثوں اور گوشواروں میں ظاہر نہیں کیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کا دو رکنی بینچ آج آصف علی زرداری کی ضمانت کی درخواست پر سماعت بھی کرے گا.