ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ عرب امارات منتقل، آئی سی سی نے تصدیق کردی
دبئی: پچھلے کچھ دنوں سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے وینیو کی تبدیلی کے حوالے سے اطلاعات گردش کررہی تھیں، اب آئی سی سی نے بھی ٹی 20 ورلڈکپ بھارت سے منتقل کرنے کی خبروں کی تصدیق کردی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث ٹی 20 ورلڈکپ بھارت سے متحدہ عرب امارات اور عمان منتقل کردیا گیا ہے۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ٹی20 ورلڈکپ کے میچز دبئی، ابوظبی اور عمان منتقل کیے گئے ہیں۔
آٹھ کوالیفائنگ ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ کا پہلا راؤنڈ عمان اور متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا جب کہ چار ٹیمیں سپر 12 راؤنڈ میں پہنچیں گی جہاں وہ آٹھ کوالیفائر ٹیموں کے مدمقابل آئیں گی۔
آئندہ ایونٹ سال 2016 کے بعد کھیلا جانے والا پہلا مینز ٹی 20 ورلڈکپ ہوگا جس میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
اس سے قبل گزشتہ روز بھارتی کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام نے تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت میں کرونا وائرس اور سفری پابندیوں کی وجہ سے ٹی 20 ورلڈکپ کو متحدہ عرب امارات منتقل کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کی امارات میں منتقلی کے حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔
بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا کا کہنا تھا کہ ایونٹ کے کوالیفائرز عمان میں منعقد کیے جاسکتے ہیں جب کہ بقیہ میچز متحدہ عرب امارات میں تین مقامات ابوظبی، شارجہ اور دبئی میں کھیلے جائیں گے۔