لندن، ریلوے اسٹیشن میں آگ سے ایک شخص زخمی
لندن: شہر کے جنوبی علاقے میں آگ لگنے کے واقعے میں ایک شخص زخمی اور 5 دھویں سے متاثر ہوئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جائے وقوعہ سے دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق لندن کے ایلیفنٹ اینڈ کیسل ریلوے اسٹیشن پر قریباً 100 فائر فائٹر آگ بجھانے کی کارروائی میں شریک ہوئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق مقامی افراد نے کئی دھماکوں کی بھی آوازیں سنیں، واقعے میں 6 تجارتی یونٹس، تین کاریں اور ٹیلی فون باکس بھی جل کر تباہ ہوگیا۔
امدادی ٹیموں نے جائے وقوع پر 5 افراد کو طبی امداد فراہم کی جن میں سے ایک زخمی کو اسپتال بھی منتقل کیا گیا، متاثرین میں ایک پولیس آفیسر بھی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق آگ کے شعلے کافی بلندی تک دیکھے گئے، جس سے دھویں کے بادل ہر طرف پھیل گئے، مقامی رہائشیوں کو گھر کی کھڑکیاں بند رکھنے کا کہا گیا ہے جب کہ اس اسٹیشن پر آنے والی تمام ٹرینوں کو روک دیا گیا ہے۔