سیاحت کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کریں گے،وزیراعظم
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کریں گے۔
وزیر اعظم عمران خان نے ناران کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ساری دنیا گھوما ہوں لیکن پاکستان جیسی خوبصورتی کہیں نہیں۔ کاغان میں جو خوبصورتی ہے دنیا میں شاید ہی کہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں درختوں کو دیکھ کر خوشی ہوئی پہلے آتے تھے تو اس علاقے میں درخت کٹے ہوئے نظر آتے تھے۔ ہمیں وہ پاکستان چھوڑ کر جانا ہے جس پر ہمارے آنے والے نسلیں شکریہ ادا کریں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات پر خیبر پختونخوا حکومت کو تحسین پیش کرتا ہوں۔ کاغان کے دریاؤں میں جو ناقص مواد پھینکا جاتا ہے اس پر پابندی لگائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کریں گے اور سیاحت سے ملک میں ریونیو آئے گا اور وہی ہم ان علاقوں میں لگائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ پورے شمالی علاقہ جات کا آدھا ہے۔ ہم نے اپنے سیاحتی مقامات کا خیال رکھنا ہے اور ہمارے سیاحتی علاقوں میں سیاحت سے نوکریاں ملیں گی۔
انہوں نے کہا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان کے وژن پر عمل پیرا ہیں اور درختوں کی حفاظت کے لیے مقامی افراد کو بھرتی کیا جائے۔ دین اسلام میں پاکیزگی کی بہت اہمیت ہے اور یہ نیا پاکستان ہے اس سے پہلے صفائی کی کوئی فکر نہیں کرتا تھا۔