ایران میں کل صدارتی انتخابات کا معرکہ ہوگا ، 3 امیدوارپہلے ہی دستبردار
تہران: ایران میں صدارتی انتخابات کے لئے میدان کل سجے گا، 3 امیدوار انتخابات سے قبل ہی دستبردار ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران میں صدارتی انتخاب کے سلسلے میں جمعہ کو ووٹ ڈالے جائیں گے جس کے لیے 7 امیدوار میدان میں تھے تاہم 3 امیدواروں کی جانب سے دستبرداری کے اعلان کے بعد اب 4 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔
صدارتی امیدوار ابراہیم رئیسی مضبوط ترین امیدوار سمجھے جا رہے ہیں اور عبدالناصر ہمتی کے ساتھ ان کا مقابلہ ہو گا۔ دیگر دو امیدواروں میں محسن رضائی اور ڈاکٹر امیر حسین غازی شامل ہیں۔
صدارتی انتخاب میں 5 کروڑ 90 لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
ایران میں صدر کا انتخاب براہِ راست عوام کےووٹوں سے ہوتا ہے۔ 18 برس یا اس سےزیادہ عمر کے شہری اپنا حق راہ دہی استعمال کر سکتے ہیں۔
اس بار صدارتی امیدواروں کے لیے 40 سے 70 سال کی عمر متعین کی گئی ہے، صدارت کے منصب کے لیے امیدوار کو 51 فیصد ووٹ حاصل کرنا ہوں گے اور اگر ایسا نہیں ہوتا تو انتخابات کے ایک ہفتے بعد سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے 2 امیدواروں کے درمیان دوبارہ مقابلہ ہو گا