اداکار جمیل فخری کی دسویں برسی
لاہور: پاکستان کے ٹی وی ڈراموں اور فلموں کے مقبول اداکار جمیل فخری کی برسی ہے۔ اُن کا انتقال 9 جون 2011 کو ہوا۔
آپ پی ٹی وی کے اُن فن کاروں میں سے ایک ہیں جو جعفر حسین کے نام سے آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ جعفر حسین پی ٹی وی کی مشہور ڈرامہ سیریز اندھیرا اجالا کا ایسا کردار تھا جس نے جمیل فخری کو لازوال شہرت اور مقبولیت دی۔
اُس دور میں چھوٹی اسکرین پاکستان بھر میں ناظرین کی تفریح کا واحد ذریعہ ہوتی تھی اور اندھیرا اجالا سماجی مسائل اور جرم و سزا پر ایک ایسا ڈرامہ ثابت ہوا جس نے ناظرین کے دل جیت لیے۔ نام وَر اداکار قوی خان اور عرفان کھوسٹ کے کرداروں کے علاوہ پولیس انسپکٹر کے روپ میں مرحوم جمیل فخری کا مخصوص لب و لہجہ اور انداز سبھی کو بھایا۔
جمیل فخری نے 70 کی دہائی میں اداکاری کا آغاز کیا تھا۔ معروف اداکار، اسکرپٹ رائٹر اور مزاح گو شاعر اطہر شاہ خان (جیدی) نے انہیں ’اندر آنا منع ہے‘ نامی اسٹیج ڈرامے میں متعارف کرایا تھا جس کے بعد جمیل فخری کو پی ٹی وی پر ’اندھیرا اجالا‘ میں کردار ادا کرنے کا موقع ملا اور یہی کردار ان کی پہچان بنا۔
جمیل فخری نے ڈراموں کے علاوہ فلم میں بھی کام کیا جب کہ کئی اسٹیج شوز میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے، لیکن خود کو اسٹیج کی دنیا سے ہم آہنگ نہ کرسکے اور الگ ہو گئے۔ پی ٹی وی پر دلدل، تانے بانے، وارث، بندھن، ایک محبت سو افسانے میں انہوں نے بے مثال اداکاری کی۔
وہ ذیابیطس اور بلڈ پریشر کے مریض تھے۔ 9 جون 2011 کو اُن کا انتقال ہوا۔