جنت مرزا کو بشریٰ انصاری سے کیوں معافی مانگنا پڑی؟
کراچی: گزشتہ روز سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری اور ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا کے درمیان ہونے والی لفظی گولا باری کی خبریں میڈیا اور سماجی ذرائع ابلاغ پر بھرپور گشت کرتی نظر آئیں۔
مستقبل میں جنت مرزا کے شریک سفر بننے والے عمر بٹ بھی اس معاملے میں کودے اور اُنہوں نے جنت مرزا کو بھرپور سپورٹ کرنے کا عندیہ دیا۔
اب اس معاملے کا ڈراپ سین ہوگیا ہے۔ ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا نے اداکارہ بشریٰ انصاری سے معافی مانگ لی ہے۔
جنت مرزا کا بشریٰ انصاری سے معذرت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ کبھی بھی یہ ہنگامہ نہیں کرنا چاہتی تھیں۔
گزشتہ روز اداکارہ بشریٰ انصاری نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی جس میں انہوں نے وضاحت دی کہ وہ جنت کی ویڈیو والے معاملے سے مکمل طور پر واقف نہیں تھیں اس لیے جلد بازی کے سبب اپنا بیان جاری کیا لیکن جب پتا چلا کہ جنت معافی مانگ چکی ہیں تو فوری طور پر پوسٹ ڈیلیٹ کردی۔
اب جنت مرزا نے اپنے پیغام میں بشریٰ انصاری سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ آپ کے کہے گئے الفاظ میرے اور فیملی کے لیے کافی سخت تھے، مجھے معاملے کو سلجھانے کے لیے بولنا پڑا۔
ٹک ٹاک اسٹار کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے بڑوں کی عزت کرنی چاہیے لیکن انہیں بھی چھوٹوں سے پیار اور محبت سے پیش آنا چاہیے، آپ پیار سے سمجھاتیں تو میں سب کے سامنے ہزار دفعہ معذرت کرلیتی، میرا مقصد کسی کی دل آزاری کرنا نہیں تھا۔
جنت نے پیغام کے آخر میں اداکارہ بشریٰ انصاری کو لیجنڈ بھی قرار دیا۔
خیال رہے کہ بشریٰ انصاری نے ایک پوسٹ کی تھی، جس کے بعد ٹک ٹاک اسٹار اور ان کے درمیان لفظی جنگ کا آغاز ہوگیا تھا۔