غزہ: اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا امکان!

واشنگٹن: گزشتہ 10 دنوں سے غزہ میں جاری اسرائیلی وحشیانہ بم باری کے بعد اب جنگ بندی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق غزہ میں گزشتہ 10 دنوں سے جاری اسرائیلی بم باری کے بعد اب اسرائیلی حکومت اور فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان جنگ بندی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، مصری حکام نے حماس کی قیادت سے مذاکرات کیے ہیں جب کہ اسرائیل نے تسلیم کیا ہے کہ اس نے فوجی اہداف حاصل کرلیے ہیں۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے لیے امریکا، مصر اور قطر سمیت دیگر یورپی ممالک اپنا کردار ادا کررہے ہیں، ان ممالک کی جانب سے غزہ کی خراب صورت حال کے باعث اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور حماس کی قیادت پر کشیدگی ختم کرنے کے لیے شدید دباؤ ہے۔
امریکی حکام کے مطابق بائیڈن انتظامیہ کو حالیہ ہفتے کے دوران ہی سیز فائر کی امید ہے، کیوں کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان کسی بھی قسم کا تصادم ایک بار پھر اس نازک صورت حال کو مزید خراب کرسکتا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن نے غزہ پر اسرائیلی بم باری کے بعد چوتھی بار اسرائیلی وزیراعظم کو ٹیلی فون کیا، تاہم اس بار امریکی صدر نے جنگ بندی سے متعلق سخت موقف اپنایا اور دن کے اختتام تک کشیدگی میں واضح کمی پر زور دیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ 10 دنوں سے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بم باری جاری ہے جس کے نتیجے میں اب تک 227 کے قریب افراد شہید اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں جب کہ درجنوں عمارتیں بھی زمین بوس ہوگئی ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔