پاکستان کا سب سے پُرامن شہر

یاور عباس

دلفريب نظاروں کي حسين وادي، گلگت بلتستان کا ضلع گھانچے، ملک کا سب سے پُرسکون اور پُرامن شہر ہے،  جہاں پندرہ سال ميں قتل کي کوئي واردات نہيں ہوئي۔ 

ضلع گھانچے کے سپرنٹنڈنٹ پولیس جان محمد کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کا یہ شہرملک کا پُر امن ترین علاقہ ہے۔ یہاں کئی سال سے قتل اور ڈکیتی کی کوئی واردات نہیں ہوئی۔ مقامی لوگ پرامن ہیں اور کبھی کسی سیاح یا مقامی شخص نے چوری یا ڈکیتی کی کوئی ایف آئی آر درج نہیں کروائی۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق 2020 میں معمولی نوعیت کی صرف 34 شکایات گھانچے پولیس میں درج ہوئیں۔ رواں سال اب تک صرف 3 شکایات پولیس کو موصول ہوئی ہیں۔

کورونا وائرس کی عالمی وبا میں جہاں دنيا بھر ميں سفري پابندياں ہيں ليکن اس کے باوجود گھانچے میں مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کي آمد کا سلسلہ جاري ہے۔ ہم نے ديکھا اور محسوس کيا کہ بلاشبہہ یہ پاکستان کا سب سے خوبصورت اور سب سے پُرامن شہر ہے۔ کيونکہ یہاں سیاح اپنی گاڑیوں اور ہوٹل کے کمروں کو تالے نہیں لگاتے اور ان کے اس اعتماد کي وجہ صرف اور صرف يہ ہے کہ گھانچے ميں چوری اور لوٹ مار کی وارداتیں نہیں ہوتیں۔

اپنے قدرتی حسن اور دلکشی میں بے مثال پاکستان کے صوبے گلگت بلتستان کا ضلع گھانچے دنیا کے بلند ترین پہاڑوں میں گِھرا ہوا ہے۔ ایک طرف بھارت تو دوسري طرف چین سے سرحد ملتی ہے۔ پاکستانی فوج کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر گوما میں موجود ہے جو ضلع گھانچے کا حصہ ہے۔ پاکستانی فوج کا گیاری سیکٹر بٹالین ہیڈکوارٹر یہاں سے 32 کلو میٹر دور ہے جو سیاچین گلیشئر کے قریب ہے۔ دنیا کی دوسری بڑی چوٹی کے ٹو سمیت آٹھ ہزار فُٹ سے زائد بلندی کی چار چوٹیاں آتی ہیں۔

نُور بخشی شیعہ فرقے پر مشتمل گانچھے کي کل آبادي ايک لاکھ تيس ہزار سے زائد ہے۔ مقامي سطح پر روزگار کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں۔ بيش تر کا ذريعہ معاش کاشت کاري و تجارت ہے يہاں کي شرح خواندگي تقريباً اکسٹھ فيصد ہے۔ جنت نظیر وادی ، پرفضا مقام، بہتا پانی، پہاڑ اور ان پر چاندی جیسی برف گانچھے کی  خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہے۔  فطرت کو قریب سے دیکھنے اور مہم جوئی کے شوقین افراد موسم بدلتے ہی اس وادی کا رخ کرتے ہیں۔

رنگ برنگے نظارے دلفریب موسم اور خوبصورت پہاڑوں سے سجا بلتستان ہر موسم میں اپنا منفرد روپ دکھاتا ہے یہی وجہ ہے کہ جو ایک بار اس خطے کا رخ کر لے وہ اس کی محبت میں ہمیشہ کے لیے گرفتار ہو جاتا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔