پہلا ٹیسٹ پاکستان کے نام، زمبابوے کو اننگز اور 116 رنز سے شکست
ہرارے: قومی کرکٹ ٹیم نے زمبابوے کو سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 116 رنز سے شکست دے دی۔
ہرارے میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں قومی ٹیم نے 426 رنز بنائے اور 250 رنز کی برتری حاصل کی، جس کے جواب میں زمبابوے کی ٹیم 134 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی اور یوں ایک اننگز اور 116 رنز سے جیت پاکستان کا مقدر بنی۔ دوسری اننگز میں زمبابوے کی جانب سے تریسائی مساکنڈا 43، کیون کاسوزا 28، کپتان برنڈن ٹیلر 29 اور وکٹ کیپر بلے باز ریجس چاکبوا 14 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ زمبابوے کی دیگر کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ قومی ٹیم کی جانب سے حسن علی نے دوسری اننگز میں بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ نعمان علی نے 2، فہیم اشرف نے ایک وکٹ لی۔
اس سے قبل ٹیسٹ کے پہلے روز زمبابوے کے بلے باز پاکستانی بولرز کے آگے بے بس دکھائی دیے اور پوری ٹیم 176 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئی تھی۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور حسن علی نے 4،4 جب کہ نعمان علی نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن قومی ٹیم کھیل پر حاوی رہی، اوپننگ بلے باز عابد علی 60، عمران بٹ نے 91 اور اظہر علی نے 36 رنز بنائے جب کہ فواد عالم کی شاندار سنچری کی بدولت قومی ٹیم نے دوسرے دن کے اختتام پر 6 وکٹ کے نقصان پر 374 رنز بنائے اور مہمان ٹیم پر 198 رنز کی برتری حاصل کرلی۔ تیسرے دن کا کھیل شروع ہوا تو قومی ٹیم نے اسکور میں 52 رنز کا اضافہ کیا اور تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے، فواد عالم نے 140 رنز کی اننگز کھیلی جس کے باعث قومی ٹیم پہلی اننگز میں زمبابوے کے خلاف 250 رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔
دونوں اننگز میں عمدہ گیند بازی پر حسن علی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔