کورونا تدارک کے لیے چینی میڈیکل ٹیم کی پاکستان آمد
اسلام آباد: کورونا وائرس پر قابو پانے میں پاکستان کی مدد کے لیے امدادی سامان لے کر چینی میڈیکل ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی۔
کورونا ماہرین پر مشتمل چینی ڈاکٹروں کی 8رکنی میڈیکل ٹیم ارمچی سے خصوصی پرواز کے ذریعے 2 ٹن امدادی سامان لے کر اسلام آباد ایئرپورٹ پر اتری۔ اس موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، سیکریٹری خارجہ اور دیگر اعلی حکام نے چینی ڈاکٹرز کا استقبال کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم امدادی سامان، طبی آلات اور میڈیکل ٹیم بھیجنے پر حکومت چین کے شکر گزار ہیں، دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہے ہیں، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اور ایک بار پھر دنیا کو دکھا دیا کہ چین پاکستان کا دوست ہے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ گزشتہ دنوں میں چین کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے چین گیا تھا اور آج میں یہاں چین کی طرف سے بھیجے گئے امدادی سامان اور میڈیکل ٹیم کو لینے آیا ہوں۔