بدقسمتی سے مذہبی، سیاسی جماعتیں اسلام کا غلط استعمال کرتی ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ملک میں مذہبی اور سیاسی جماعتیں اسلام کا غلط استعمال کرتی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں مارگلہ ہائی وے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ یہ ملک اسلام کے نام پر بنا تھا، ہم سب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے پیار کرتے ہیں، میں نے ہمارے ملک کے عوام میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے جو عشق دیکھا ہے کسی ملک میں نہیں دیکھا۔ جب کوئی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرتا ہے تو کیا حکومت کو اس کی تکلیف نہیں ہوتی؟۔ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں مذہبی اور سیاسی جماعتیں اسلام کا غلط استعمال کرتی ہیں، یہ جماعتیں اسلام کو استعمال کرکے ملک کو نقصان پہنچادیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بعض مغربی ممالک مسلم دنیا کی دل آزاری کرتے ہیں، اپنے ملک میں مظاہرے اور توڑ پھوڑ کرکے مغربی ملکوں کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، بلکہ وہاں کوئی نہ کوئی یہ قبیح کام کرتا رہے گا۔ یقین دلاتا ہوں کہ دنیا کے دیگر ممالک کو ساتھ ملا کر ہم مہم چلائیں گے، ایک وقت وہ آئے گا کہ مغربی ملکوں میں بھی لوگوں کو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرتے ہوئے خوف آئے گا۔ اس کے لیے ہم عالمی رہنماؤں کو ساتھ ملاکر مختلف فورمز پر آواز اٹھارہے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔