این سی او سی اجلاس، موجودہ کورونا پابندیوں میں 13 اپریل تک توسیع!
اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے موجودہ کورونا پابندیوں کو 13 اپریل تک توسیع دینے کا فیصلہ کرلیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا، جس میں کورونا کے حوالے سے لگائی گئی پابندیوں پر عمل درآمد کے طریقہ کار پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں کورونا کے حوالے سے لگائی گئی موجودہ پابندیوں کو 13 اپریل تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ رمضان کے دوران پابندیوں سے متعلق مزید بحث اور فیصلوں پر تبادلہ خیال کے لیے 12 اپریل کو اجلاس ہوگا، جس میں خاص طور پر پابندیوں پر عمل درآمد کے طریقہ کار پر توجہ دی جائے گی۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین کی کافی مقدار کو وسط اپریل کے بعد پہنچنا ہے، اجلاس میں رمضان کے دوران ویکسی نیشن پلان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔