برطانوی شاہی محل میں سوگ، ملکہ الزبتھ کے شوہر پرنس فلپ انتقال کرگئے
لندن: سات دہائیوں تک ڈیوک آف ایڈنبرگ رہنے والے، برطانوی ملکہ الزبتھ دوم کے شوہر، شہزادہ فلپ دارالحکومت لندن میں انتقال کرگٗے۔ آنجہانی شہزادہ فلپ کافی عرصے سے بیمار تھے۔ برطانیہ کے شاہی خاندان نے پرنس فلپ کے انتقال کی تصدیق کردی ہے۔
برطانوی ملکہ الزبتھ کے شوہر شہزادہ فلپ کا گزشتہ ماہ لندن کے اسپتال میں دل کا آپریشن ہوا تھا۔ طبعیت بہتر ہونے پر انھیں شاہی محل منتقل کر دیا گیا تھا۔ وہ تقریباً ہفتے تک اسپتال میں زیر علاج رہے۔
آنجہانی شہزادہ فلپ اور الزبتھ دوم کی شادی 1947ء میں ہوئی تھی اور دونوں کے 4 بچے ہیں۔ ان کی عمر 99 برس تھی۔ الزبتھ دوم کے ملکہ بننے پر انہیں 1953 میں ڈیوک آف ایڈنبرگ کا رتبہ دے دیا گیا تھا۔
بیکنگھم پیلس نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ملکہ الزبتھ کی جانب سے انتہائی دکھ کے ساتھ ان کے شوہر پرنس فلپ، ڈیوک آف ایڈنبرا کی موت کا اعلان کیا جاتا ہے۔ پرنس فلپ کی جمعے کی صبح ونڈسر کیسل میں موت ہوگئی۔
شہزادہ فلپ کی وفات پر برطانوی رہنماؤں کی جانب سے اظہار افسوس کیا گیا ہے۔ وزیراعظم بورس جانسن کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پورا برطانیہ ملکہ اور شاہی خاندان کے غم میں شریک ہے۔ ملکہ الزبتھ کے ساتھ ہم سب آج غمزدہ ہیں۔
بورس جانسن نے کہا کہ شہزادہ فلپ ملکہ برطانیہ کے بہترین ساتھی کے طور پر یاد رہیں گے۔ شہزادہ فلپ کی وفات کی خبر سن کر صدمہ پہنچا۔