دلیپ کمار، راج کپور کے گھر خریدنے کیلیے صوبائی حکومت کی قانونی کارروائی
پشاور: کے پی کے حکومت نے برصغیر کے لیجنڈ اداکاروں دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کو خریدنے کے لیے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔
خیبرپختونخوا حکومت نے بھارتی اداکاروں کے گھروں کو خریدنے کے لیے ریاست کے اراضی حصول ایکٹ 1894 کا ایک ضروری سیکشن نافذ کیا، جس کے تحت اب صوبائی حکومت دونوں گھروں کو ہنگامی بنیادوں پر اپنے قبضے میں لے سکتی ہے۔
پاکستان کے محکمۂ آثار قدیمہ نے پشاور کے قصہ خوانی بازار میں موجود بھارت کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کے 4 یونٹ (101 اسکوائر میٹر) آبائی گھر کی قیمت 50 ہزار 517 ڈالرز اور راج کپور کی 6 یونٹ (151.75 اسکوائر میٹر) حویلی کی قیمت 94 ہزار 61 ڈالر مقرر کی ہے۔ یہ رقم بہت جلد مالک مکانوں کو ادائیگی کے لیے پشاور کے ڈپٹی کمشنر کو جاری کردی جائے گی۔
ایک مقامی اخبار کے مطابق ایک طویل عرصے سے دونوں گھروں کے مالک مکان حکومت کو یہ گھر فروخت کرنے کے لیے راضی نہیں تھے کیونکہ حکومت ان گھروں کی مارکیٹ کے مطابق قیمت ادا کرنے پر راضی نہیں تھی۔ مالک مکانوں کا اعتراض تھا کہ ان کے گھروں کی قیمتیں کم مقرر کی گئی ہیں۔
دلیپ کمار کے آبائی گھر کے مالک مکان نے اس جائیداد کے لیے 250 ملین کا مطالبہ جب کہ کپور حویلی کے مالک مکان نے 2 بلین مانگے ہیں۔ خیبرپختونخوا حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں گھروں کے مالک مکان پراپرٹی کی اہمیت کی وجہ سے غیر معمولی قیمتوں کا مطالبہ کررہے ہیں اور حکومت کو بلیک میل کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور کے قصہ خوانی بازار میں موجود بھارتی اداکاروں کے مکانات میوزیم میں بدلنے کا فیصلہ کیا تھا۔ محکمہ آرکیالوجی کی جانب سے صوبائی حکومت کو سفارش کی گئی تھی کہ دلیپ کمار اور راج کپور کے گھر خستہ حالت اختیار کرچکے اور لیجنڈری اداکاروں کے یہ گھر قومی ورثہ ہیں اس لیے ان گھروں کو خرید کر اس کی تزئین و آرائش کرکے محفوظ کیا جائے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے گزشتہ سال دلیپ کمار اور کپور فیملی کے آبائی گھروں کو محفوظ اثاثہ قرار دے کر ان کو حاصل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ دلیپ کمار کا مکان پشاور کے قصہ خوانی بازار کے محلہ خداداد میں واقع ہے اور اس کا کل رقبہ چار مرلے بتایا گیا ہے۔
اس کا تعمیرات والا حصہ 1077 مربع فٹ سے کچھ زیادہ ہے۔ اس زمین کی قیمت 72 لاکھ 80 ہزار سے زیادہ مقرر کی گئی ہے جبکہ اس مکان کے ملبے کی قیمت کا تخمینہ 7 لاکھ 76 ہزار سے زیادہ لگایا گیا ہے۔ اس حساب سے دلیپ کمار کے گھر کی قیمت 80 لاکھ 56 ہزار سے زیادہ مقرر کی گئی ہے۔
تاہم اس قیمت پر گھر کے موجودہ مالک کو اعتراض ہے اور وہ 80 لاکھ روپے میں یہ گھر فروخت کرنا نہیں چاہتے۔ پشاور کے مقامی میڈیا کے مطابق حاجی لال محمد کا کہنا ہے کہ گھر کی موجودہ قیمت کم از کم 25 کروڑ ہے۔