یورپی تاریخ کی سب سے بڑی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام!

برلن: جرمنی اور بیلجیئم میں اربوں روپے مالیت کی کوکین ضبط کرتے ہوئے یورپی تاریخ کی سب سے بڑی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ڈچ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک ساتھ اتنی بڑی مقدار میں کوکین کا پکڑا جانا یورپی تاریخ کا سب سے بڑا واقعہ ہے، جو اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ہالینڈ کی ایک کمپنی نے جرمن حکام کو خفیہ اطلاع فراہم کی جس پر کارروائی کرتے ہوئے جرمن کسٹم حکام نے ہیمبرگ پورٹ سے 12 فروری کو 16 میٹرک ٹن کوکین پکڑی جو پیراگوئے کے ایک کنٹینر میں چھپائی گئی تھی۔
جرمن کسٹم حکام نے جب کنٹینر کو چیک کیا تو پتا چلا کہ کوکین کھانے پینے کی اشیا کے کینز میں چھپائی گئی تھی۔
یورپی حکام نے اس واقعے کی مشترکہ تحقیقات کرتے ہوئے بیلجیئم میں بھی یورپ کی دوسری بڑی بندرگاہ اینٹریپ پر کارروائی کی اور 7 ٹن سے زائد کوکین ضبط کرلی۔
ڈچ پولیس کے مطابق دونوں ممالک کی بندرگاہوں سے پکڑی گئی کوکین ہالینڈ میں ایک ہی پتے پر بھیجی جارہی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ پکڑی گئی کوکین کی مالیت اربوں ڈالر بنتی ہے اور اگر صرف 16 ٹن کوکین کی مالیت کا اندازہ لگایا جائے تو وہ ایک ارب 80 کروڑ ڈالر سے 4 ارب 30 کروڑ ڈالر تک بنتا ہے۔
اتنی بڑی مقدار میں منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں ہالینڈ سے امپورٹ کمپنی سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو گرفتار کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔