سینیٹ الیکشن پر فوکس، عدم اعتماد کا کھیل نہیں کھیل رہے: بلاول

لاہور: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم عدم اعتماد کا کھیل نہیں کھیل رہے اور اس وقت سینیٹ الیکشن پر فوکس ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا ملک کے ہر کونے سے ضمنی الیکشن میں حکومت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، عوام نے ضمنی الیکشن میں حکومت کو مسترد کیا ہے، یہ بری طرح ایکسپوز ہوچکے ہیں، ضمنی انتخابات میں ثابت ہوگیا کہ عوام پی ڈی ایم کے ساتھ ہیں، اب یوسف رضا گیلانی کی جیت سے ثابت ہوگا کہ پارلیمنٹ بھی پی ڈی ایم کے ساتھ ہے جب کہ حفیظ شیخ سے گیلانی کا مقابلہ ہمارا امتحان ہے۔
انہوں نے کہا کہ نااہل حکمران ملک کے لیے بوجھ بنے ہوئے ہیں، ہم اس وقت عدم اعتماد کا کھیل نہیں کھیل رہے، اس وقت سینیٹ الیکشن پر فوکس ہے، اس لیے سینیٹ الیکشن اور عدم اعتماد میں فرق ہے، پی ڈی ایم نے مل کر فیصلہ کیا کہ ہم لانگ مارچ کریں گے اور سینیٹ کا الیکشن لڑیں گے، ہم مل کر ہی فیصلہ کریں گے کہ اس حکومت کو کیسے ہٹانا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا مقصد ملک میں حقیقی جمہوریت بحال کرنا ہے، ضروری ہے ہر ادارہ اپنا آئینی کردار ادا کرے، امید کرتے ہیں ارکان پارلیمنٹ عوامی امیدوں کے مطابق ووٹ دیں گے اور ارکان پارلیمنٹ ٹیکنوکریٹ کو ووٹ نہیں دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت جس نظام کا مقابلہ کررہے، وہ سلیکٹڈ ہے اور ملک کے عوام پر مسلط کیا گیا ہے، زبردستی لوگوں کو حکومت کے ساتھ باندھا گیا ہے، جب زبردستی نہیں ہوگی تو ناجائز اور نالائق نظام ہی نہیں ہوگا تو پھر یہ حکومت ہی نہیں ہوگی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔