راولپنڈی ٹیسٹ، بابر اور فواد کی ذمے دارانہ بیٹنگ!
راولپنڈی: دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم قومی ٹیم کا اوپننگ کا مسئلہ اس ٹیسٹ میں بھی حل نہ ہوسکا۔
عمران بٹ 15 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جب کہ عابد علی بھی صرف 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ سابق کپتان اظہر علی نے کھاتہ کھولنے کی بھی زحمت نہ کی۔
ٹاپ آرڈر کی ناکامی اور 22 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان بابراعظم اور فواد عالم نے ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے محتاط انداز میں اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا۔ بابراعظم نے شاندار نصف سنچری اسکور کی وہ 72 اور فواد عالم 40 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز جوڑ لیے ہیں۔
کپتان بابراعظم نے کہا کہ کراچی ٹیسٹ والی ٹیم کوہی برقرار رکھا ہے، یہ ٹیسٹ بھی جیت کر سیریز دو صفر سے اپنے نام کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب مہمان ٹیم نے لونگی نگیڈی کی جگہ آل راؤنڈر ویان ملڈر کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی ٹیسٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دی تھی، قومی ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔