سانحہ مچھ کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، آرمی چیف

کوئٹہ: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کا دورہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دورہ کوئٹہ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے سانحہ مچھ کے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے سانحہ مچھ کے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ وقت گزارا اور اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ سانحہ مچھ کے شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا اور ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو سدرن کمانڈ ہیڈکوارٹرز میں سیکیورٹی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جب کہ آرمی چیف کو بلوچستان میں سیکیورٹی چیلنجز پر بھی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو پاک افغان، پاک ایران بارڈر مینجمنٹ کے امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گیریژن افسران سے خطاب کیا اور امن واستحکام یقینی بنانے کے لیے تیاریوں اور کوششوں کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ اہم محل وقوع کے باعث بلوچستان پر دشمنوں کی کڑی نظر ہے، بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے اور بلوچستان کی خوش حالی پاکستان کی ترقی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی سیکیورٹی، استحکام اور خوش حالی کو یقینی بنایا جائے گا، دشمن قوتوں کی تخریبی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔